پٹنہ،27؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اپنی سیکوریٹی میں تخفیف ہونے سے آر جے ڈی صدر لالو یادو ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ڈر نہیں لگتا۔ تاہم اپنے ایک پریس کانفرنس میں لالو نے سوال کیا کہ کیا بھارت پر پاکستان چڑھائی کرنے والا ہے کہ ان کی سیکورٹی واپس لی گئی ہے۔ لالو نے مانا کہ ان کی سیکوریٹی زیڈ پلس سے زیڈ زمرے کی کی گئی ہے، انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن بات نہیں ہوئی۔ پھر مرکزی داخلہ سکریٹری سے بات کی لیکن انہیں اس معاملے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔ لالو یادو نے دعوی کیا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو مرکز ی حکومت کے ساتھ ساتھ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بھی اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ واضح طور پر لالو یہ پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی سیکوریٹی میں ہوئی تخفیف سے وہ نالاں نہیں ہیں؛ لیکن آر جے ڈی کے رہنماؤں کے رد عمل سے صاف ظاہر ہے کہ انہیں اس معاملے پر مرکز ی سرکارکے فیصلہ سے تکلیف ہوئی ہے۔ لالو نے بھی کہا کہ بہار بی جے پی کے رہنماؤں کی سیکوریٹی میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی لیکن ان کی اور جتن رام مانجھی کی سیکورٹی میں تخفیف کی گئی ہے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ اس کے بعد بھی کچھ انہونی ہوتی ہے تو نریندر مودی کے ساتھ ہی بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بھی ذمہ دار ہوں گے کیونکہ دونوں ہی جگہ انہی لوگوں کی حکومت ہے۔ لالو اسی پر خاموش نہیں ؛ بلکہ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ تو سازش کی گئی، لیکن بدقسمتی ہے کہ جیتن مانجھی کی بھی سیکورٹی ختم کر دی گئی ہے ۔ جبکہ سب کو پتہ ہے کہ مانجھی نکسلی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ، ان کی جان کو خطرہ ہے اور وہ برابر اپنے علاقے میں آتے جاتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا ہے کہ کیا ملک میں فورس کی کمی ہو گئی ہے جو مانجھی کی بھی سیکورٹی میں تخفیف کی گئی، بس چار سپاہی ان کی حفاظت میں رہیں گے۔لالو نے کہا مجھے ہدف تصور کرتے ہوئے پریشان کرنے کے لئے مرکزی ایجنسیوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ مرکزی سرکار کا ہمیشہ سے رویہ رہا ہے کہ وہ مودی کے مخالفین کو حکومت نشانے پر لیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کے چھٹ بھیے لیڈروں کو زیڈ پلس سیکورٹی ملی ہوئی ہے۔ آر جے ڈی سربراہ نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ میری حفاظت کے لئے یو پی اے کی حکومت نے این ایس جی کی سہولت دی تھی جسے نریندر مودی حکومت نے سیاسی انتقام کی وجہ سے ہٹا لیا ۔ لالو یادو نے مزید کہا کہ ان سب کے بعد بھی وہ خوفزدہ نہیں ہیں، نہ کبھی ڈرے ہیں اور نہ ڈریں گے، میری حفاظت میں ملک اور بہار کا ہر بچہ لگا ہوا ہے۔